۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
عارف حسین واحدی امن کانفرنس

حوزہ / شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے آرٹس کونسل ہال میں پاسبان وطن ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے منعقدہ امن کانفرنس میں شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے آرٹس کونسل ہال میں پاسبان وطن ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے منعقدہ امن کانفرنس میں شرکت کی۔ جس میں شاہین پیس فورس کے ذمہ داران اور جوانوں کی بھی بھرپور معاونت اور شرکت تھی۔زندگی کے مختلف طبقات کے افراد کی شرکت اور موضوع پر خطابات تھے۔

علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے خطاب میں پاسبان وطن کے چیئرمین چوہدری خورشید انور کی امن کانفرنس منعقد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: محرم کا مہینہ نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام کی احیاء اسلام کے لئے عظیم قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا: شہداء کربلا کے انسانی اقدار کو زندہ کرنے کےآفاقی پیغام کو اجاگر کرنے کے لئے ہر طبقۂ فکر حتی غیر مسلم بھی ان کی یاد مناتے ہیں۔پاکستان ہمارا پیارا وطن ہے جو ہم نے اسلام کے نام پر بڑی جدوجہد کے بعد آزاد کرایا تھا۔ اس وطن میں ہر شخص اپنے عقیدے کے مطابق ایسے پروگرام کراتا ہے۔ مگر افسوس ہے کہ بعض مخصوس فرقہ پرست عناصر اس ملک میں بین المذاہب اور بین المساک ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں ۔مگر اللہ کا شکر ہے کہ تمام محب وطن عوام اور علمائ کرام نے اتحاد امت کا مضبوط پیغام دے کر شرپسند عناصر کو ناکام اور ملک کی بنیادوں کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے کہا: پاکستان وسائل سے مالا مال ایٹمی طاقت اور اللہ تعالی کی نعمت ہے، اس کو زوال نہیں ہے، یہ بقا کے لئے بنا ہے۔ بعض کم عقل لوگ اس کے ٹکڑے ہونے اور ناکام ہونے کی بات کرتے ہیں۔ شاید وہ پاکستان کی شناخت نہیں رکھتے۔ اس ملک کو لوٹا گیا کرپشن اور دہشتگردی کی گئی سازشیں کی گئیں مگر اللہ تعالی کی مدد سے سب ناکام ہوئے اور پاکستان باقی ہے۔

انہوں نے مزید کہا: میرا عقیدہ ہے کہ جب تک ہم متحد ہیں میرے وطن عزیز کا کوئی بال بھی بیکا نہیں کر سکتا-شہید کربلا امام حسین علیہ السلام امتِ اسلامی میں نکتہ وحدت ہیں۔ ہم متحد رہ کر اسلام اور پاکستان کی بنیادوں کو مضبوط کریں گے اور دشمنوں کے مذموم اہداف کو ناکام کریں گے؛ ان شااللہ۔

اس امن کانفرنس کے آخر میں علامہ صاحب کے توسط سے مختلف شخصیات کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .